کس نے مجھ کو صدا دی بتا کون ہے
کس نے مجھ کو صدا دی بتا کون ہے
اے ہوا تیرے گھر میں چھپا کون ہے
بارشوں میں کسی پیڑ کو دیکھنا
شال اوڑھے ہوئے بھیگتا کون ہے
خوشبوؤں میں نہائی ہوئی شاخ پر
پھول سامسکراتا ہوا کون ہے
میں یہاں دھوپ میں تپ رہا ہوں مگر
وہ پسینے میں ڈوبا ہوا کون ہے
دل کو پتھر ہوئے اک زمانہ ہوا
اس مکاں میں مگر بولتا کون ہے
آسمانوں کو ہم نے بتایا نہیں
ڈوبتی شام میں ڈوبتا کون ہے
تم بھی مجبور ہو ہم بھی مجبور ہیں
بے وفا کون ہے با وفا کون ہے
بشیر ؔبدر
No comments:
Post a Comment