سایۂ گل سے بہر طور جُدا ہو جانا
سایۂ گل سے بہر طور جُدا ہو جانا
راس آیا نہ مجھے موجِ صبا ہو جانا
اپنا ہی جسم مجھے تیشۂ فرہاد لگا
میں نے چاہا تھا پہاڑوں کی صدا ہوجانا
موسمِ گل کے تقاضوں سے بغاوت ٹھہرا
قفسِ غنچہ سے خوشبو کا رِہا ہوجانا
قصرِ آواز میں اک حشر جگا دیتا ہے
اس حسیں شخص کا تصویر نما ہوجانا
راہ کی گرد سہی، مائلِ پرواز تو ہوں
مجھ کو آتا ہے تِرا "بندِقبا" ہوجانا
زندگی تیرے تبسّم کی وضاحت تو نہیں
موجِ طوفاں کا اُبھرتے ہی فنا ہوجانا
کیوں نہ اُس زخم کو میں پھول سے تعبیر کروں
جس کو آتا ہو ترا "بندِ قبا" ہو جانا
اشکِ کم گو! تجھے لفظوں کی قبا گر نہ ملے
میری پلکوں کی زباں سے ہی ادا ہوجانا
قتل گاہوں کی طرح سرخ ہے رستوں کی جبیں
اک قیامت تھا مرا آبلہ پا ہو جانا
پہلے دیکھو تو سہی اپنے کرم کی وسعت
پھر بڑے شوق سے تم میرے خدا ہوجانا
بے طلب درد کی دولت سے نوازو مجھ کو
دل کی توہین ہے مرہونِ دُعا ہوجانا
میری آنکھوں کے سمندر میں اترنے والے
کون جانے تری قسمت میں ہےکیا ہوجانا
کتنے خوبیدہ مناظر کو جگائے محسنؔ !
جاگتی آنکھ کا پتھرایا ہوا ہو جانا
محسنؔ نقوی
No comments:
Post a Comment