چمک رہی ہے پروں میں اُڑان کی خوشبو
چمک رہی ہے پروں میں اُڑان کی خوشبو
بُلا رہی ہے بہت آسمان کی خوشبو
بھٹک رہی ہے پرانی دلائیاں اوڑھے
حویلیوں میں مرے خاندان کی خوشبو
سُنا ہے کوئی کہانی ہمیں سُلاتی تھی
دعاؤں جیسی بڑے پاندان کی خوشبو
دبا تھا پھول کوئی میز پوش کے نیچے
گرج رہی تھی بہت پیچواں کی خوشبو
عجب وقار تھا سُوکھے سنہرے بالوں میں
اداسیوں کی چمک، زرد لان کی خوشبو
وہ عطر دان سا لہجہ مرے بزرگوں کا
زَچی بسی ہوئی اُردو زبان کی خوشبو
خُدا کا شکر ہے میرے جوان بیٹے کے
بدن سے آنے لگی زعفران کی خوشبو
عمارتوں کی بلندی پہ کوئی مو سم کیا
کہاں سے آگئی کچے مکان کی خوشبو
گلوں پہ لکھتی ہوئی لاَ اِلہ اِلاّ اللہ
پہاڑیوں سے اترتی اذان کی خوشبو
بشیرؔبدر
No comments:
Post a Comment