2016-01-16

Rait ke butt na bana ay mere ache fankar

ریت کے بت نہ بنا اے میرے اچھے فنکار

ایک لمحے کو ٹھہر میں تجھے پتھر لادوں 
میں تیرے سامنے انبار لگادوں لیکن
کون سے رنگ کا پتھر تیرے کام آئے گا
سُرخ پتھر جسے دل کہتی ہے بے دل دنیا
یا وہ پتھرائی ہوئی آنکھ کا نیلا پتھر
جس میں صدیوں کے تحیر کے پڑے ہوں ڈورے

کیا تجھے روح کے پتھر کی ضرورت ہوگی
جس پہ حق بات بھی پتھر کی طرح گرتی ہے
اک وہ پتھر ہے جسے کہتے ہیں تہذیبِ سفید
اس کے مر مر میں سیہ خون جھلک جاتا ہے
ایک انصاب کا پتھر بھی تو ہوتا ہے مگر
ہاتھ میں تیشۂ زر ہو تو  ہو ہاتھ آتا ہے

جتنے معیار ہیں اس دور کے سب پتھر ہیں
جتنے افکار ہیں اس دور کے سب پتھر ہیں
شعر بھی رقص بھی تصویر و غنا  بھی پتھر
میرا الہام تیرا ذہنِ رسا بھی پتھر
اس زمانے میں تو ہر فن کا نشاں پتھر ہے
ہاتھ پتھر ہیں تیرےمیری زباں پتھر ہے

ریت کے بت نہ بنا اے میرے اچھے فنکار
                  احمد ندیم قاسمی




No comments:

Post a Comment